لاہور (نیوز رپورٹر) بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز کے پیش نظر، سابق صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے سال بھر کلاؤڈ سیڈنگ آپریشنز کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کیلئے فوری کارروائی ضروری ہے۔ خاص طور پر لاہور جو مسلسل دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے۔ یکم نومبر 2023 کو سابق وزیر ابرا ہیم حسن مراد نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی حکومت سے پنجاب کے موسمیاتی چیلنجز کے حل کیلئے کلاؤڈ سیڈنگ ٹیکنالوجی کی مدد کی باضابطہ درخواست کی جس کے جواب میں یو اے ای حکومت نے 2 خصوصی طیارے اور ایک تکنیکی ٹیم پاکستان بھیجی۔ جس نے ملک کے پہلے کلاؤڈ سیڈنگ مشن کو عملی جامہ پہنایا۔ یو اے ای کلاؤڈ سیڈنگ میں ماہر ہے اور سالانہ 300 سے زائد کلاؤڈ سیڈنگ مشن انجام دیتا ہے۔