کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ حکومت کو پہلا بڑا ریلیف، آئینی بنچ نے پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی ٹیچرز کی بھرتیوں پر حکم امتناع ختم کردیا۔ جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں تین رکنی آئینی بنچ کے روبرو سندھ بھر میں اساتذہ کے بھرتیوں کی پالیسی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ آئینی بنچ نے سندھ حکومت کی درخواست پر پی ایس ٹی اور جے ایس ٹی ٹیچرز کی بھرتیوں پر حکم امتناع ختم کردیا۔ آئینی بنچ نے سندھ حکومت کو صوبے بھر میں ٹیچرز کی بھرتیوں اور جوائننگ کی اجازت دے دی۔ اس سے پہلے مختلف درخواستوں پر سندھ ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کیا تھا۔ عدالت عالیہ نے سندھ حکومت کو ٹیچرز کی بھرتیوں سے روک دیا تھا۔ سندھ حکومت نے مؤقف اپنایا تھا کہ حکم امتناع کی وجہ سے صوبے میں تعلیم کا نظام رک چکا ہے۔ تعلیم کا نظام بہتر کرنے کے لیے ٹیچرز بھرتی کرنے کے لیے اجازت دے دی جائے۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ہارڈ ایریا کا جواز بنا کے اپنے لوگوں کو 33 مارکس پر پاس کیا گیا ہے۔ پورے سندھ میں ایک ہی قانون ہونا چاہئے۔ سندھ بھر میں پی ایس ٹی، جے ایس ٹی کے امیدوار کو 33 مارکس پر پاس قرار دیا جائے۔
آئینی بنچ کا سندھ حکومت کو بڑا ریلیف، اساتذہ بھرتیوں پر حکم امتناعی ختم
Nov 28, 2024