اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک بحریہ کے جہاز ذوالفقار نے بحیرہ عرب میں کورین نیوی کے جہاز وینگ جیون (WANG GEON) کے ساتھ مشترکہ مشق کی۔ دونوں جہاز کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کے تحت بالترتیب کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 اور 151 کے تحت آپریٹ کر رہے تھے۔ مشق میں آپریشنل حکمت عملی اور مواصلاتی مشقیں شامل تھیں جن کا مقصد مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو بڑھانا اور دونوں بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینا تھا۔ کمبائند ٹاسک فورس 150 اور 151 غیر قانونی سمندری سرگرمیوں، منشیات کی سمگلنگ اور بحری قزاقی کو روکنے کیلئے میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کرتی ہیں۔ یہ غیر قانونی سرگرمیاں بین الاقوامی پانیوں میں بحری سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ پاک بحریہ کے جہاز ذوالفقار اور کورین نیوی کے جہاز وانگ جیون کے درمیان اس مشترکہ مشق کا کامیاب انعقاد بحری افواج کے ساتھ ساتھ ان کی متعلقہ ٹاسک فورسز کے میری ٹائم سکیورٹی کو برقرار رکھنے اور سمندر میں قانونی سرگرمیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کو واضح کرتا ہے۔