ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ) بنگلا دیش میں ہندو رہنما کی گرفتاری پر مظاہروں کے دوران مسلمان وکیل کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے شہر کی سکیورٹی سخت کر دی ہے۔ ہندو رہنما چنمے کرشنا داس کو غداری سمیت دیگر الزامات میں2 دن قبل ڈھاکا ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ چٹاگانگ کی عدالت میں چنمے کرشنا داس کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد مظاہرے شدت اختیار کر گئے۔ مسلمان وکیل سر پر گہری چوٹیں لگنے کے باعث چل بسا۔ ہنگاموں کے دوران توڑ پھوڑ اور پولیس افسران پر حملہ کرنے کے الزام میں مزید 21 افراد زیر حراست ہیں جن میں سابق حکمران جماعت عوامی لیگ کے کارکن بھی شامل ہیں۔ بھارت نے ہندو رہنما کی گرفتاری اور بنگلا دیش میں اقلیتوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔