لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے کنٹریکٹ ایس ڈی اوز کو ریگولر نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور کیس کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے بدھ کو کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار سلیم اختر کے وکیل عمران چدھڑ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ محکمہ نے کنٹریکٹ ایس ڈی اوز کو مستقل کرنے کے لیے عدالت میں تحریری یقین دہانی کرائی تھی، جس کی روشنی میں عدالت نے فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم محکمہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہا ہے۔ استدعا کی گئی کہ عدالت فوری طور پر کنٹریکٹ ایس ڈی اوز کو مستقل کرنے کے احکامات صادر کرے۔ عدالت نے اس معاملے پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے تحریری یقین دہانی کے حوالے سے وضاحت مانگی اور کیس کی مزید سماعت آ ج 28 نومبر تک ملتوی کر دی۔
پبلک ہیلتھ انجینئرنگ افسروں کو ریگولر نہ کرنے کے خلاف درخواست‘ چیف سیکرٹری طلب
Nov 28, 2024