اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کارکنوں کی ہلاکت پر پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ پمز ہسپتال جا کر جھوٹی ویڈیو بنائی گئی، یہ پلان کر کے آئے تھے کہ انہیں لاشیں ملیں، حکومت اور امن قائم کرنے والے اداروں نے لاشیں نہ گرنے کو یقینی بنایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ایک جتھے نے اسلام آباد پر حملہ کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی کا مقصد بہتری کی طرف چلتی معیشت کو سبوتاژکرنا تھا، پی ٹی آئی کارکنوں کی اموات کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہی ہے۔ گولیوں سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ پی ٹی آئی کے لوگوں کے پاس اسلحہ موجود تھا، یہ علی امین گنڈاپور، بشریٰ بی بی کے کہنے پر فائرنگ کرتے رہے، پی ٹی آئی مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، سکیورٹی کے 6 اہلکاروں کی شہادتیں ہوئیں۔