سیاسی کارکنوں پر طاقت کااستعمال قابل مذمت: حافظ نعیم الرحمن 

Nov 28, 2024

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیاسی کارکنان قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، ان کے خلاف طاقت کا اندھا استعمال ناقابلِ قبول ہے، مظاہرین پر ریاست اور حکومت کی جانب سے حملہ ملک کے آئین اور جمہوری اقدار پر حملہ ہے۔ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چاپلوس حکومت اپنی بقا کے لیے ملک میں جمہوریت کی قبر کھود کر آمرانہ روش کو مضبوط کر رہی ہے، یہ درحقیقت ریاست کو کمزور کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ظلم کرنے والے بھول رہے ہیں کہ کل انھیں بھی اس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک کے آئین اور جمہوری اقدار کے مطابق پرامن احتجاج ہر سیاسی پارٹی اور شہری کا حق ہے، حکومت کو کسی صورت یہ اختیار حاصل نہیں کہ مظاہرین پر چڑھ دوڑے۔ امیر جماعت نے مزید دہرایا کہ ان کی جانب سے بارہا مطالبہ کیا گیا ہے کہ انتخابات میں حقیقی کامیابی حاصل کرنے والوں کو ہی اقتدار ملنا چاہیے، اگر ہارے ہوئے لوگوں کو مسلط کرنے کی روش جاری رہی تو ملک میں معاشی ترقی اور جمہوریت اور آئین کی بالادستی خواب ہی رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی مئیر سے لے کر عام انتخابات تک فارم 47 کی پیداوار نمائندوں کو مسلط کیا گیا اور عوام کے جمہوری حقوق پر ڈاکہ ماراگیا۔

مزیدخبریں