کرم میں 10 روزہ سیزفائر، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا فیصلہ 

Nov 28, 2024

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبرپختونخوا حکومت نے کرم میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کرم کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ حکام کی طرف سے وزیر اعلی کو کرم کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ کرم میں متحارب فریقین کے درمیان 10 دنوں کے لئے سیز فائر ہوا ہے، مسئلے کے پر امن حل کے لئے  مذاکرات کا عمل جاری ہے۔ علاقے میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا جبکہ علاقے میں محفوظ نقل و حمل کے لئے سکیورٹی پلان اور ایس او پیز جاری کئے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی خوش آئند اقدام ہے۔ علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور تنازعات کے حل کے لئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  علاقے میں ہونے والے مالی نقصانات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے تاکہ متاثرین کے نقصانات کا جلد مداوا ہوسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد کی ادائیگیاں جلد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ علاقے میں پائیدار امن کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبریں