لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہائوس حملے سمیتؒ 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں عمران خان کی ضمانت خارج کرنے کا حکم سنا دیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے ایڈمن جج منظر علی گل نے نو مئی کے آٹھ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے تمام آٹھ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کرنے کا حکم سنا دیا۔ قبل ازیں نو مئی کے 8مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل میں کہا کہ میڈیکل کو سچ ثابت کرنے کے لیے پرویز مشرف کو دنیا چھوڑنی پڑی۔ 9 مئی کے 8 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کیلئے ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل کے روبرو پیش ہوئے۔ پراسیکیوشن نے درخواست ضمانت خارج کرنے کی استدعا کی۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رائے کا غلط ری ایکشن عوام کی طرف سے آیا۔ سابق وزیراعظم کے 240 سے زائد مقدمات میں وکالت میں دے چکا ہوں۔