لاہور: پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تشکر کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی بیسٹ پرفارمنگ ایکوئٹی مارکیٹ کادرجہ حاصل کر چکی ہے.الحمدُللّہ، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج نئی تاریخ رقم ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کی بلندی و تیزی سمیت ہر تاریخی کام، ہر ریکارڈ مسلم لیگ ن کے دور میں ہوتا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور انکی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔مریم نواز نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کا لاکھ پوائنٹ عبور کرنا عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے. پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں ملک نے نہ صرف استحکام حاصل کیا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ کا یہ ریکارڈ سرمایہ کاروں کے غیرمتزلزل اعتماد اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد دلیل ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی پالیسیز بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ثابت ہو رہا ہے.مسلم لیگ ن نے اسٹاک مارکیٹ میں سیاسی نعرے نہیں لگوائے .بلکہ اعلیٰ پالیسیز سے ایک لاکھ پوائنٹس عبور کروایا۔