عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف نے میں نہ مانوں کی پالیسی ترک نہ کی تو زرداری نمک مرچ کے بغیر انہیں کھا جائیں گے۔  

کراچی ائیرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو ہمارا چہرہ اچھا نہیں لگتا تو ہم پیچھے ہٹ جاتے ہیں وہ اتحاد کی طرف پیش رفت کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلیاں چند خاندانوں کی جیب کی گھڑیاں اوران کی اولادوں کے ہاتھ کی چھڑیاں ہیں، عدلیہ، میڈیا اور سیاسی جماعتوں سمیت ملک کا ہرشعبہ تقسیم درتقسیم کا شکارہے، اب حالات تبدیلی کی طرف جارہے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے قائد کا کہنا ہے کہ ملک کے دس بڑے ادارے تباہ ہوگئے، نائیٹ کلب چلانے والوں کو اداروں کا سربراہ بنا دیا گیا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے بعد خطرہ ہے کہ ہم کو کہیں کرپشن میں گولڈ میڈل نہ مل جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگی اورہم خیال جماعتیں متحد ہوجائیں تونمبرزآف گیم تبدیل ہوسکتا ہے۔ مسلم لیگی دھڑوں کے اتحاد کے بعد ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کو بھی اتحاد میں شامل کرنا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن