اپنی کامیابی کے بعد لاہورہائی کورٹ بارکے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیرنے کہا کہ باراوربینچ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں لیکن دونوں کی آزادی کے لئے ان کے درمیان فاصلہ ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ آزاد عدلیہ کے حق میں ہیں لیکن صدر، وزیراعظم اورعدلیہ میں سے کسی نہیں ڈرتیں، جوعزت کرے گا وہ عزت کرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری قدروں کو فروغ دیا جائے گا لیکن سابقہ دورکی طرح ہر عدالتی فیصلے پر تالیاں نہیں بجائیں گے۔ عاصمہ جہانگیرکا کہنا تھا کہ عدلیہ کے ادارے کو کوئی خطرہ نہیں، صرف ضرورت پڑنے پرلانگ مارچ ہوگا، عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کی مشینری نہیں بنیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسٹیبلشمنٹ کے چند جج اور شخصیات ان کے خلاف الیکشن مہم کا حصہ رہے ہیں۔