ابرار الحق کی ناصر باغ سے داتا دربار تک ”پاکستان بچاﺅ“ ریلی

Oct 28, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (سٹی رپورٹر) معروف گلوکار و سماجی کارکن ابرارالحق کی یوتھ پارلیمنٹ کے زیراہتمام ناصر باغ سے داتا دربار تک ”پاکستان بچاﺅ“ ریلی منعقد کی گئی جس مےں شرکاءنے عوامی مسائل حل نہ ہونے پر ریلیوں کا سلسلہ ملک بھر مےں پھیلانے کا عزم کیا۔ ریلی کے شرکاءسارے راستے ”پاکستان کو بچانا ہے، کرپشن کو مکانا ہے، جینا ہے مرنا ہے پاکستان بچانا ہے، ملک مےں انقلاب آئے گا، ابرار الحق“ کے نعرے لگاتے رہے۔ ریلی کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کےلئے پولیس بھی تعینات تھی۔ ریلی مےں زیادہ تر دوسرے شہروں کے افراد نے شرکت کی۔ جب ریلی کا آغاز ہوا تو شرکا کی تعداد درجنوں مےں تھی تاہم داتا دربار پہنچنے تک تعداد بڑھ کر 500سے 700تک ہوگئی۔ ریلی کی وجہ سے علاقہ مےں ٹریفک جام ہوگئی جس مےں ایمبولینسیں بھی پھنس کر رہ گئیں اور والدین کو چھٹی کے وقت سکولوں سے اپنے بچے لینے مےں مشکلات پیش آئیں۔ قبل ازیں ابرار الحق ریلی کی قیادت کےلئے مقررہ وقت سے ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے ناصر باغ پہنچے۔ ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے ابرار الحق نے کہا کہ کرپٹ سیاستدان لوٹے گئے 100ارب ڈالر بھی واپس لے آئیں تو ملکی معیشت اپنے پاﺅں پر کھڑی ہو جائے گی۔ میرا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، عوام مل کر پریشر گروپ تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث نوجوان خودکشیوں اور جرائم کی راہ اپنانے پر مجبور ہےں۔ 18کروڑ عوام کے خون پسینے کی کمائی کو لوٹ کر چند کرپٹ سیاستدانوں نے بیرون ملک 200 ارب ڈالر نقد اور 400 ارب ڈالر کے اثاثے بنا رکھے ہےں۔ اب وقت آگیا ہے کہ تمام سیاستدان عوام کو بے وقوب بنانا ترک کر دیں اور عوام بھی کسی دو نمبر سیاستدان کو ووٹ نہ دینے کا عہد کریں۔ جنرل (ر) مسعود برکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک مےں قانون کی حکمرانی کے بغیر امن ہو سکتا نہ کرپشن کا خاتمہ۔ اس موقع پر میجر (ر) اسرار الحق بھی موجود تھے۔
مزیدخبریں