لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم دورہ آسٹریلیا مکمل کر کے تیسری ایشین چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے جاپان پہنچ گئی۔ پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ نے آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی 16 رکنی سکواڈ سے دو کھلاڑی محمد سلیمان احمد اور ارسلان قادر کو ڈراپ کر کے وطن واپس بھیج دیا جبکہ ٹائٹل کے کامیاب دفاع کے لیے یورپ میں لیگ ہاکی کھیلنے میں مصروف چاروں سینئر کھلاڑیوں راشد محمود، حسیم خان، فرید احمد اور رضوان سینئر کو جاپان طلب کر لیا ہے۔ چاروں کھلاڑی کل 29 اکتوبر کو جاپان میں ٹیم کو رپورٹ کرینگے۔ تیسری ایشین چیمپیئنز ٹرافی 2 سے 9 نومبر تک جاپان میں منعقد ہوگی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان کا کہنا ہے کہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں ٹیم قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرئے گی۔ دورہ آسٹریلیا میں نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جاپان سے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طاہر زمان کا کہنا تھا کہ 2 نومبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کو جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ قومی سکواڈ کو مضبوط بنانے کے لیے یورپ میں لیگ ہاکی کھیلنے میں مصروف چار سینئر کھلاڑیوں کو بھی جاپان میں طلب کر لیا ہے جن میں رضوان سینئر، فرید احمد، راشد محمود اور عبدالحسیم خان شامل ہیں۔ چاروں کھلاڑیوں کی شمولیت سے قومی کا اچھا کمبی نیشن تیار ہو گیا ہے جو ٹورنامنٹ میں ٹیم کے لیے فائدہ مند ہوگا۔