اقوام متحدہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے: اشرف آصف جلالی

Oct 28, 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) بانی و سربراہ ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کا فوراً نوٹس لیں، آزادی کشمیر کی تحریک بے مثال قربانیوں سے بھری ہوئی ہے، بھارت کے ساتھ دوستی اور تجارت کیلئے بے چین حکمران شہداءکشمیر کے خون کو بھی پیش نظر رکھیں۔ ان خیا لات کا اظہارانہوں نے کنٹرو ل لائن پر ہونے والی بھارتی فائرنگ پر شدید ردّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آئے روز کنٹرو ل لائن پر بھارتی فائرنگ کے واقعات پر اقوام متحدہ کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ بھارتی حکومت الیکشن جیتنے کیلئے پاکستان کے خلاف جنگی جنون کو پروان چڑھا رہی ہے۔ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کنٹرول لائن پر کشیدگی بڑھا رہا ہے۔ عالمی برادری بھارت کو امن کا راستہ اختیا ر کرنے پر قائل کرے۔ شہداءکشمیر نے تقریباً ایک صدی کے قریب آزادی کی جدو جہدکو اپنا خون دے کر آگے بڑھایاہے۔ انہوں نے کہا بھارت کشمیر پر اپنے غاصبانہ قبضے کو برقراررکھنے کیلئے طرح طرح کے ظلم وستم آزمارہا ہے ۔اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

مزیدخبریں