لاہور (خصوصی نامہ نگار) مذہبی و سیاسی رہنمائوں نے خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی طرف سے ڈرون حملے نہ روکنے پر نیٹو سپلائی بند کرنے کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حنیف طیّب نے کہا ہے پرویز خٹک کا بیان عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہے۔ وفاقی حکومت بھی یہی پالیسی اختیار کرتے ہوئے امریکہ کو وارننگ دے ڈرون حملے بند نہ ہوئے تو نیٹو سپلائی روک دی جائے گی۔ اس وارننگ سے امریکہ کی آنکھیں کھل جائیں گی۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ ریاض شاہ نے کہا ہے پرویز خٹک کا بیان جرأت مندانہ اور قابل تحسین ہے۔ امید کی جانی چاہئے وزیراعلیٰ خیبر پی کے اپنے بیان پر عمل یقینی بنائیں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے اعلان کی تائید کر دیں تو امریکہ ڈرون حملے بند کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔ جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ زوار بہادرنے کہا کہ پرویز خٹک نے پوری قوم کے جذبوں کی ترجمانی کی ہے۔ نیٹو سپلائی بند کر کے ڈرون حملے رکوانا آسان ہو جائے گا۔ تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں پرویز خٹک کی آواز میں آواز ملائیں اور پوری قوم ڈرون حملے بند نہ ہونے کی صورت میں نیٹو سپلائی بند کرنے کے مطالبے پر یکسو ہو جائے۔ انجمن اساتذہ پاکستان کے مرکزی صدر پیر اطہرالقادری نے کہا پرویز خٹک کا بیان خوش آئند ہے۔ اب وزیراعلیٰ خیبر پی کے کا امتحان شروع ہو گیا ہے۔ اس بیان پر عمل ہو گیا تو امریکہ کی عقل ٹھکانے آ جائے گی۔ وفاقی حکومت بھی ڈرونز گرانے کا اعلان کرے۔ جماعت اسلامی پنجاب کے جنرل سیکرٹری نذیر جنجوعہ نے کہا اعلان جائز اور درست ہے۔ پوری قوم اس بیان پر عمل کے لئے پرویز خٹک کے ساتھ ہے۔ جے یو آئی (س) کے مرکزی رہنما نے کہا بیان سے پوری قوم کو نیا حوصلہ اور تازہ ولولہ ملا ہے۔ بیان دے کر قومی غیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس بیان پر عمل نہ ہوا تو ثابت ہو جائے گا تحریک انصاف کے وزیراعلیٰ کاغذی شیر ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے امریکہ کو ڈرون حملے بند کرنے کی ڈیڈ لائن دیں اور اس کے بعد نیٹو سپلائی روک دیں۔
پرویز خٹک کے نیٹو سپلائی بند کرنے کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں:مذہبی وسیاسی رہنما
Oct 28, 2013