نواز شریف نے امریکی صدر سے بنیادی مسئلہ پر بات ہی نہیں کی: سمیع الحق

نوشہرہ (ثناء نیوز) جمعیت علماء اسلام (س)  کے امیر مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے امریکی صدر اوباما سے بنیادی مسئلہ پر بات ہی نہیں کی‘ خرابی کی جڑ پکڑنے کی بجائے شاخ تراشی سے فائدہ نہیں‘ ڈرون حملے وغیرہ شاخیں ہیں‘ بنیادی بات امریکی جنگ میں پاکستان کو مزید استعمال نہ کرنے کی ہے۔ اس امریکی غلامی نے پاکستان کو مسائلستان بنا دیا ہے جسے ہمارے ہاں منعقد ہونے والی اے پی سی نے بھی نظر انداز کیا اور نواز شریف نے بھی امریکہ میں اسے پس پشت ڈال دیا  بلکہ  اگلے پانچ سال کیلئے امریکی غلامی پر تجدید عہد کر آئے۔ مولانا سمیع الحق یہاں اپنی رہائش گاہ پر امریکی  ٹی وی کی ٹیم سے بات چیت کررہے تھے۔ مولانا سمیع الحق نے کہاکہ نواز شریف پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کرنے کی بات کررہے ہیں جبکہ گھر تو ہم نے غیروں کے ہاں گروی رکھا ہے‘ نواز شریف پہلے دشمن سے گھر کا قبضہ چھڑا دیں‘ پھر اس کو ٹھیک کر سکتے ہیں۔ مولانا سمیع الحق نے ایک سوال کے جواب  میں کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سالوں بعد وہی بات کہہ دی جو ہم سالہا سال سے پارلیمنٹ کے اندر بھی کہتے رہے اور باہر بھی کہ یہ سب پاکستانی حکمرانوں کی مرضی سے ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں سے قتل ہونے والے معصوم لوگوں کے قتل میں پاکستان برابر کا شریک ہے اور اب مغربی ادارے اور میڈیا بھی راز فاش کرکے ہمارے موقف کی تائید کررہے ہیں۔ مولانا سمیع الحق نے ڈرون کے امریکی پائلٹ آپریٹر کے استعفیٰ پر انہیں مبارکباد دی اور زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ امریکی عوام اور فوج کا ضمیر جاگ رہا ہے۔ انٹرویو نگار کی خواہش پر انہوں نے خصوصی پیغام دیتے ہوئے امریکی نوجوانوں سے کہا کہ وہ دنیا میں کسی بھی جگہ ظلم کرنے والوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور ظالم کا ہاتھ روک کر انسانوں کو جینے کا موقع دیں۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...