اسلام آباد (ثناء نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی آزادی کے لئے جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ کشمیر یوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے عالمی سطح پر آواز بلند کر نے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ مولانا فضل الرحمن نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیریوں کی حق خودارادیت دلانے کے لئے بھارت پر دبائو بڑھائے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کرے۔ کشمیری عوام کے بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے حوالے سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھا رہا ہے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر 8 لاکھ فوجی اہلکاروں کو تعینات کر رکھا ہے۔ اتنی فوج تو دنیا کے کسی بھی ملک میں تعینات نہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی بنا دیا ہے اور ہر طرح سے کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی ظلم و زیادتیوں کو روکنے کے لئے دبائو ڈالے۔ کشمیری رہنمائووں کو جیلوں میں قید یا گھروں میں نظر بند کیا جاتا ہے۔ انہیں نماز جمعہ کی بھی اجازت نہیں دی جاتی ۔معصوم کشمیریوں کے خلاف عدالتوں میں جھوٹے مقدمات بنا کر انہیں عمر قید کی سزاؤں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت عوامی مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔
عالمی برادری کشمیریوں کو خودارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے: فضل الرحمن
Oct 28, 2013