اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) ایف ٹین کے علاقے میں گذشتہ روز پارک ٹاور کے فلیٹ میں آتشزدگی سے جھلسنے والے کمشنر پشاور صاحبزادہ انیس کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور وہ پمز کے آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں۔ خاتون اصغر النساءکی حالت بہتر ہونے پر پولیس کی ٹیم نے اس کا بیان ریکارڈ کیا جس سے واقعہ کی تضاد بیانی سامنے آ گئی۔ خاتون نے ابتدائی بیان میں کہا کہ میں کمشنر پشاور سے کچھ دستاویزات تصدیق کرانے آئی تھی جبکہ کمشنر پشاور نے گذشتہ روز بے ہوش نے سے قبل ابتدائی بیان میں بتایا تھا کہ میں خاتون کو نہیں جانتا۔ فلیٹ کا دروازہ کھولتے ہی دھماکہ ہو گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر پشاور جب فلیٹ میں گئے تو خاتون ان کے ساتھ تھی۔ صاحبزادہ انیس نے اپنا اور خاتون کا شناختی کارڈ استقبالئے پر جمع کرایا دونوں شناختی کارڈ پولیس نے اپنے قبضہ میں لے لئے ہیں۔ زخمی خاتون کا تعلق کرم ایجنسی سے ہےے بطور پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی صاحبزادہ انیس کی خاتون سے شناسائی ہوئی۔ ادھر کمشنر صاحبزادہ انیس کے بھائی صاحبزادہ بشیر اور اہلیہ نے تھانہ شالیمار پولیس کو درخواست دی ہے کہ وہ اس واقعہ کی کوئی پولیس کارروائی کرنا نہیں چاہتے۔
کمشنر پشاور