لاہور (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) لاہور سمیت کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ جاری۔ تفصیلات کے مطابق عارف والا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ کے خلاف شدید احتجاج، بجلی کے بل نذر آتش کئے گئے۔ محلہ اقبال نگر و دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے بورے والا چوک سے واپڈا کے دفتر تک احتجاجی جلوس نکالا اور حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابقگوجرانوالہ اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹوں تک جا پہنچا‘ موسم میں واضح تبدیلی کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کمی نہ آسکی۔ بعض علاقوں میں وولٹیج کی کمی بیشی کی وجہ سے گھریلو استعمال کی الیکٹرانکس اشیاء بھی خراب ہو رہی ہیں۔ موٹریں بند ہوجاتی ہیں، شہریوں کو پینے کے لئے صاف پانی کی کمی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ شہر کے اہم علاقوں گرجاکھ‘ نوشہرہ روڈ‘ وحدت کالونی‘ سیالکوٹ بائی پاس‘ فیروزوالہ‘ ایمن آباد‘ جنڈیالہ باغوالہ میں چار سے چھ گھنٹے بجلی بند رہنے کے بعد صرف ایک گھنٹہ آتی ہے اور پھر چلی جاتی ہے، گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتکار و کارخانہ مالکان کو بھی شدید پریشانی اور نقصان کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے حکومت کو چاہئے سردی ہو یا گرمی لوڈشیڈنگ کے بحران پر تو قابو نہیں پایا جاسکتا کم از کم کوئی شیڈول تو ہو جس کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جائے تاکہ ہم اپنا بندوبست کرسکیں۔
لوڈشیڈنگ جاری، عارف والا میں اووربلنگ کے خلاف احتجاج
Oct 28, 2014