اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل پر پوری قوم متفق ہے اور اب بھارت کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنے بزرگوں سے کیا ہوا وعدہ پورا کرکے ان کی آتما کو سکون نصیب ہوسکے۔ بین الاقوامی کشمیر کانفرنس سے خطاب میں پرویز رشید نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں متنازعہ ہے اور اب اسے جلد حل ہونا چاہئے۔ کشمیری عوام کے جھنڈے اور زبان و ثقافت علیحدہ ہوسکتی ہے لیکن ہمارا عہد ایک ہی ہے۔ پرویز رشید نے لندن میں ہونے والے ملین مارچ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملین مارچ میں تمام لوگوں کے پاس ایک ہی کشمیری جھنڈا تھا لیکن پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے کے سامنے ہم پارٹی جھنڈے کو بھی سرنگوں کردیتے ہیں اس میں کوئی اختلاف نہیں بلکہ سب کا اتفاق ہے۔ بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو نے اقوام متحدہ کی قرارداد کو مانا تھا اور اقوام عالم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنا عہد پورا کریں گے‘ اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد کرائیں گے اور کشمیریوں کو ان کا حق دیں گے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ استصواب رائے سے کریں۔ پاکستان نہرو کی بات کو اس لئے اہمیت دیتا ہے کیونکہ انہوں نے آزادی کیلئے بہت جدوجہد کی تھی اسلئے پاکستان نے نہرو کی بات کو تسلیم کیا تھا اور اب بھارت سے پاکستان کوئی نیا مطالبہ نہیں کررہا اور نہ ہی کوئی تنازعہ پیدا کررہا ہے بلکہ پاکستان بھارت سے ان کے آبائو اجداد کے کئے ہوئے وعدے کی تکمیل چاہتا ہے۔
بھارت مسئلہ کشمیر حل کرکے اپنے بڑوں کی آتما کو سکون دے: پرویز رشید
Oct 28, 2014