کراچی(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی گولڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرا راؤنڈ کا خاتمہ ہو گیا۔ یونائٹیڈ بینک نے پشاور پینتھرز کو 10 وکٹوں سے واپڈا نے ملتان ٹائیگرز کو 159 رنز سے، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے لاہور لائنز کو 5 وکٹوں سیشکست دی۔ دیگر میچز ڈرا ہوگئے۔ قذافی سٹیڈیم میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے میزبان ٹیم لاہور لائنز کو 5 وکٹوں سے قابو کرلیا۔ چار روزہ میچ کے چوتھے دن میزبان ٹیم نے سات وکٹوں پر170رنز کے ساتھ اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی اور 241رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ گزشتہ روز کے ناٹ آئوٹ بیٹسمین عمر صدیق نے ذمہ دارنہ سنچری اسکور کی ان کے 131رنز 17چوکوں سے سجے تھے۔ اسد علی نے 77رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، عاطف جبار اور عمران خالد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کو میچ جیتنے کیلئے 104رنز کا ہدف ملا جو اس نے پانچ وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ علی وقاص نے دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے43 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ دوسرے ناٹ آئوٹ بیٹسمین کپتان عدنان اکمل 29رنز بنائے۔ بلاول اور ملک آفتاب نے دو، دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں یونائٹیڈ بینک نے میزبان ٹیم پشاور پینتھرز کو10 وکٹوں سیہرادیا۔ میچ کے آخری دن پشاور کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے تین رنز تھے اور اس کی تین وکٹیں باقی تھیں تاہم میزبان ٹیم کی مزاحمت 77اوورز میں 251رنز پر دم توڑ گئی۔ گزشتہ روز اپنی سنچری مکمل کرنے والے جمال الدین تین چھکوں اور 15چوکوں کی مدد سے 116رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ پرنس عباس نے چار، حسن محمود نے تین، رومان رئیس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ یو بی ایل میچ جیتنے کیلئے 10رنز کا معمولی ہدف ملا جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں واپڈا نے ملتان ٹائیگرز کو 159 رنز سے مات دی۔ واپڈا نے میزبان ملتان ٹائیگرزکیخلاف اپنی دوسری اننگز 260 رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی اور 90اوورز میں 354/6کے اسکور پر ڈیکلیئرڈ کر دی۔