لاہور+ قصور (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف گزشتہ روز قصور کے نواحی علاقے دوست پورہ پہنچے اور علاقے میں زلزلے کے باعث گرنے والے گھر کا دورہ کیا اور اہل علاقہ سے ملاقات کے دوران ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ اور جاں بحق ہونے والے شخص اسحاق کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق قصور کے نواحی گائوں دوست پورہ میں آمد کے موقع پر ممبران قومی اسمبلی ملک رشید، ملک سعید، ملک احمد، ملک مظہر رشید، چودھری امجد و دیگر شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں، وزیراعلیٰ نے اسحاق بھٹی کے ورثاء کو 5لاکھ روپے کی امداد دینے کے علاوہ ان کی2 بیٹیوں کے جہیز کیلئے 10لاکھ روپے الگ سے دینے کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ نے اسحاق بھٹی کے بھائی جن کی رہائشگاہ پر چھت گرنے سے اس کی ہلاکت ہوئی تھی کو 3لاکھ روپے گھر کی تعمیر کیلئے دینے کا بھی اعلان کیا، وزیراعلیٰ نے اپنا دورہ انتہائی خفیہ رکھا اور مختصر دورہ کے بعد اپنے ہیلی کاپٹر سے واپس چلے گئے۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے اسحاق کے بیٹے عباس کو نوکری دینے کا اعلان بھی کیا۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ نے 13 لاکھ روپے مالی امداد اور اسحاق کے بیٹے کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے اسحاق کے لواحقین اوراہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا زلزلے سے ہونے والے نقصان پر دلی دکھ اور رنج ہوا۔ قدرتی آفت کے باعث جن کے پیارے بچھڑ گئے ہیں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ متاثرین زلزلہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پنجاب حکومت متاثرہ افراد کی ہرممکن مدد کرے گی۔ ہم خیبر پی کے کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اسحاق کے لواحقین کومالی امدادکا چیک دیا جبکہ جاں بحق شخص کی بیٹیوں کی شادی کے لئے بھی مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔علاوہ ازیں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا خیبرپی کے میں زلزلے سے متاثر ہونے والے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پنجاب حکومت امدادی اشیاء پر مشتمل 95 ٹرک خیبرپی کے بھجوا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری صحت اور ڈی جی ریسکیو 1122کو فوری طور پر خیبرپی کے پہنچنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو فوری طو رپر 5، 5 لاکھ روپے مالی امداد دی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء کو جاں بحق ہونے والے افراد کے گھروں میں جا کر لواحقین سے تعزیت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا صوبائی وزراء ہسپتالوں میں زیرعلاج زخمیوں کی بھی عیادت کریں۔ وزیراعلیٰ نے زلزلے سے عمارتوں کو پہنچنے والے نقصانات اور راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کے ٹریک کا بھی سروے کرانے کا حکم دیا۔ مزید برآں شہباز شریف کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12اضلاع میں اسلحہ کی نمائش او راسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ دفعہ 144کے تحت پابندی کا اطلاق 30، 31اکتوبر اور یکم نومبر کو ہوگا۔ لائسنس یافتہ اسلحہ بھی ساتھ رکھنے کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی پرامن بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کے لئے اسلحہ کی نمائش اور اسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ الیکشن کے بعد جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی ہوگی، اجلاس میں 12ا ضلاع کے ڈی سی اوز اور دیگر افسر ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف سے پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن برطانیہ کے وفد نے بھی ملاقات کی اور زلزلہ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شہبازشریف نے کہا بیرون ملک بسنے والے پاکستانی وطن کے عظیم سفیر ہیں اور پنجاب حکومت نے دیار غیر میں محنت کر کے رزق حلال کمانے والوں کیلئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن بنایا ہے جو مکمل طورپر آزاد اورخود مختار آئینی ادارہ ہے اور یہ کمشن اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے فعال کردار ادا کررہا ہے۔ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کیلئے باران رحمت ہے، منصوبوں پر کا کا آغاز ہو چکا ہے۔
بلدیاتی الیکشن: اسلحہ کی نمائش ، ساتھ لیکر چلنے پر پابندی: شہباز شریف زلزلہ متاثرین سے ملنے قصور پہنچ گئے
Oct 28, 2015