شام :بمباری جھڑپیں 20 افراد ہلاک :داش نے 3 مغویوں کو ستونوں کیساتھ باندھ کر بارود سے اڑادیا

دمشق، بیروت (نوائے وقت رپورٹ+نیوز ایجنسیاں) شام کے شہر لتاکیہ میں روس کے طیاروں کی بمباری اور جھڑپوں میں 20 افراد مارے گئے۔ بتایا جاتا ہے بمباری میں 10 شہری جاں بحق اور بیسیوں زخمی ہوئے۔ ادھر حکومت مخالف جنگجوؤں نے حزب اللہ کے 10 جنگجو مار ڈالے۔ امریکی کمانڈر جنرل جوزف ڈنفورڈ کے مطابق 2000سے کم ایرانی فوجی شام اور 1000 سے زائد عراق میں موجود ہیں۔اے این این کے مطابق شدت پسند گروپ دولت اسلامی ’’داعش‘‘ نے شام کے تاریخی شہر تدمر میں تین مغویوں کو تاریخی عمارتوں کے ستونوں کے ساتھ بارود سمیت باندھ کر دھماکے سے اڑا دیا۔ عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 400 ایرانی فوجی شام کی خانہ جنگی میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ افغان مہاجرین اور پاکستانی بھی مخالفین کا نشانہ بنتے ہوئے جاں بحق ہوئے۔ ایران کے خبررساں اداروں نے حال ہی میں شام کے شمالی شہر حلب میں دو مزید ایرانی فوجی افسروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ بشارالاسد سے اومان کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء امریکی صدر بارک اوباما اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق شام میں اعتدال پسند اپوزیشن کی امداد بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے داعش کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یمن میں خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ کے تحت مذاکرات کے دوسرے دور کا خیرمقدم کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن