پشاور (آن لائن+ آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹونٹی کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شاہد آفریدی نے پشاور کے ہسپتال میں زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم کو متحد ہو جانا چاہئے ان کی فائونڈیشن بھی زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں کام کر رہی ہے اور متاثرین تک امدادی سامان پہنچا رہی ہے۔ اس موقع پر آل راوئونڈر نے متاثرین کیلئے 50لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شاہد خان آفریدی نے پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود زلزلے کے باعث زخمی ہونے والے افراد کی فرداً فرداً عیادت کی اور صحتیابی کی دعا کی۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ کسی سانحہ سے کم نہیں اور مشکل میں قوم 2005ء میں آئے زلزلے کی طرح ایک مرتبہ پھر متحد ہو جائے تو اس قدرتی آفت کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ متاثرین کی بحالی کیلئے پورے ملک کے لوگ خیبر پی کے آئیں اور امدادی کاموں میں حصہ لیں۔