لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیرکے حکمران اور عوام ملکر 2016ء کو کشمیرکی آزادی کا سال منائیں،کشمیرکی آزادی کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، بھارت 8 لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوںکو غلام نہیں رکھ سکتا، میری زندگی کی آخری سانس اور خون کا آخری قطرہ کشمیرکی آزادی کے لیے ہے حکومت پاکستان آزاد خطے کو وسائل فراہم کرے تاکہ ا س کو ایک ماڈل خطہ بنایا جائے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ہٹیاں بالا آزاد کشمیر کے زیراہتمام یوم سیاہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ 27 اکتوبر یوم سیاہ ہی نہیں یوم جبر بھی ہے یوم ظلم بھی ہے، اس دن ہندوستان نے سوا کروڑ انسانوں کے بنیادی حق کو غصب کرنے کیلئے فوج کشی کی، انہوں نے کہاکہ 1947ء میں بے سروسامانی کی حالت میں کشمیریوںنے جنگ لڑی آج کشمیری نوجوان پُرعزم ہے اور طاقتور بھی ہے، اب آزادی کی منزل کو کوئی روک نہیں سکتا،مودی کی انتہاپسندانہ پالیسیوں کے باعث ہندوستان کے اندر عیسائی، سکھ، مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی متاثر ہو رہے ہیں ایک ممبر پارلیمنٹ نے کہاکہ اگر مودی نے یہ کارروائی جاری رکھی تو ہندوستان کے اندر ایک اور پاکستان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ کے موقع پر اور سیلاب کے موقع پر کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں آج پاکستان میں پھر زلزلہ آیا ہے پوری قوم ان کی مدد کے لیے آگے آئے۔