کراچی (این این آئی) بلاول بھٹو زرداری سے رحمن ملک اور پیپلزپارٹی کے ایم پی اے مخدوم رفیق الزماں نے ملاقات کی ہے۔ رحمن ملک نے بلاول کو پیپلزپارٹی اوورسیز کے تنظیمی معاملات پر بریفنگ دی اور سمندر پار پارٹی کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے حکمت عملی اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادل خیال کیا۔ ملاقات میں خیبر پی کے میں زلزلے پر متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ پیپلزپارٹی زلزلہ کے متاثرین کے ریلیف اور بحالی کے کاموں میں اپنے تمام وسائل کا بھرپور استعمال کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ خیبر پی کے کی قیادت کو اس سلسلے میں پہلے ہی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پیپلزپارٹی کے ایم پی اے مخدوم رفیق الزماں نے پارٹی چیئرمین کو مٹیاری ضلع کی سیاسی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کی صورتحال سے آگاہ کیا۔