بی سی سی آئی نے پاکستان سے سیریز کھیلنے کیلئے بھارتی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔کرکٹ بورڈ نے نریندر مودی حکومت کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ کیا پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنی ہے یا نہیں؟ اس حوالے سے واضح طور پر آگاہ کیا جائے تا کہ پاکستانی حکام کو جواب دیا جاسکے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ فیوچر پروگرام کے تحت سیریز کھیلنی ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام بھارت آئے تاہم شیوسینا کے احتجاج کے بعد مذاکرات منسوخ کر دیئے گئے تھے۔ خط میں کہا گیا کہ سیریز نہ ہونے سے بھارت میں ہونے والے آئندہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان شرکت کرنے سے انکار کر سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے بی سی سی آئی کی جانب سے خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ پانچ نومبر کو ریاست بہار میں الیکشن کے بعد جواب دیا جائیگا۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے اٹھارہ اور انیس نومبر کو اجلاس طلب کیا ہے جس میں سیریزسے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔