وانا + لاہور + اسلام آباد + کوئٹہ + سوات (نیوز ایجنسیاں + نامہ نگار+ بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) جنوبی وزیرستان میں وانا کے علاقے غواخواہ میں سکیورٹی فورسز نے مکان پر چھاپہ مارکر کالعدم القاعدہ کے تین دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ آواران میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس میں ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گیا بم آواران کے علاقے مالار میں سڑک کے کنارے نصب تھا زخمی اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے وانا کے علاقے غواخواہ میں مکان پرچھاپہ ماراجس کے دوران کالعدم القاعدہ کے تین دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی میں دس خودکش جیکٹس اور بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔اسلام آباد میں وفاقی پولیس،رینجرز اورحساس اداروں نے جی نائن سیکٹر میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا ہے،کارروائی میں 9 افغان باشندوں سمیت 57مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔کارروائی کے دوران 50 دکانوں، 10 ہاسٹلز اور 10 ہوٹلز کو چیک کیا گیا۔ حراست میں لیے گئے افراد مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیئے گئے ۔ فرنٹیئر کور کے عملے نے سوئی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا تے ہوئے سڑک کے کنارے نصب آئی ای ڈی بم ناکارہ بنا دیا۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی مالاکنڈ ریجن نے سوات کے علاقے مٹہ سے طالبان کے سابق خزانچی کو گرفتار کرلیا ہے۔ دہشت گرد گل رحمان سوات میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔ ادھر لاہور میں پولیس نے صدر، کینٹ اور ماڈل ٹاﺅن ڈویژن کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 11 افغانیوں سمیت 28 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق ڈیرہ بگٹی میں سکیورٹی فورسز اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 6 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ ادھر ضلع کوہلو میں بدھ اور جمعرات کی رات نامعلوم افراد نے نیشنل پارٹی کے ضلعی آفس کو آگ لگا دی۔ آگ لگنے کے بعد نیشنل پارٹی کے ورکر نے فوری طور پر پہنچ کر آگ بجا دی جس کے باعث آفس کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ نیشنل پارٹی کوہلو کے چیئرمین محراب بلوچ نے آفس کو جلانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اتوار کو پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق ایک بڑے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
آواران / اہلکار زخمی