راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قومی انسداد دہشت گردی تربیت سنٹر پبی کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، پبی میں ٹریننگ سنٹر کے دورے میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک چین افواج کی مشترکہ جنگی مشقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا دیگر ممالک پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے تجربات سے استفادہ کر رہے ہیں اور یہ تجربات شیئر کرنا بین الاقوامی امن کیلئے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ جنرل راحیل شریف نے کہا ایسی مشقوں سے دونوں مسلح افواج کو خطے سے دہشت گردی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ آرمی چیف نے مشقوں میں حصہ لینے والے افسروں اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور مبارکباد دی۔ آرمی چیف نے پیشہ وارانہ حربی مہارت کے بلند معیار کے مظاہرے کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ایسی مشقیں چینی افواج کے ساتھ ہمارے خصوصی تعلقات کو مضبوط کرینگی۔ ایسی مشقوں سے خطے میں دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انسانیت کے فائدے میں اپنا تجربہ دنیا سے شیئر کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی امن کیلئے اپنا تجربہ شیئر کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔