عمران کو خیبر پی کے جانے، مناسب وقت پر جلوس کے ہمراہ آنے کا مشورہ دیا : اعتزاز

Oct 28, 2016 | 20:48

ویب ڈیسک

 پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہاہے کہ عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ خیبرپی کے چلے جائیں اور بعد میں سامنے آئیں کیوں کہ گزشتہ روز پیدا ہونے والے حالات کا پہلے سے علم تھا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہاکہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ خیبرپی کے جاکر روپوش ہوجائیں وہاں انہیں کوئی بھی گرفتار نہیں کرے گا اور مناسب وقت پر ایک بڑے جلوس کے ہمراہ منظر عام پر آئیں کیونکہ پیدا ہونے والے حالات کا پہلے سے علم تھا۔ ان حالات کی پیش گوئی پہلے ہی کردی تھی۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا ہمیں احتجاجی تحریکوں کا بہت تجربہ ہے۔ ہم بھی احتجاج کے دوران خفیہ ٹھکانوں پر چلے جاتے تھے اور مقررہ جگہ اور وقت پر ہی سامنے آتے تھے۔ رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان اگر احتساب ریلی کی قیادت خیبرپی کے میں کرتے تو موجودہ حالات سے بچ سکتے تھے لیکن پی ٹی آئی کی قیادت یہ سمجھ رہی ہے کہ قیادت گرفتار ہوگئی تو کارکن باہر نکل آئیں گے۔ یہ ان کی غلط فہمی ہے کیوں کہ کسی بھی تحریک کی قیادت کےلئے رہنماوں کا باہر اور کارکنان کے درمیان ہونا بہت ضروری ہے۔ پی ٹی آئی کو ایم آر ڈی تحریک سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔

مزیدخبریں