کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیڈران کو چاہیے کہ کچھ کہنے سے پہلے آئینہ ضرور دیکھا کریں تاکہ یہ ناکام سیاسی بونے اپنے اصل قد اور مقام کو یاد رکھیں۔ وہ کراچی ڈویژن کے مرکزی دفتر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو شرجیل میمن، ڈاکٹر عاصم، ایان علی ودیگر کے سیاہ کارناموں سے بخوبی آگاہ ہے۔انہوں نے کہاکہ بہادر سیاستدان اور حقیقی عوامی لیڈر نواز شریف ہے جو جراتمندی اور شائستگی اور برداشت کے ساتھ کٹھن حالات کا مقابلہ کررہا ہے باوجود اس کے کہ بیگم کلثوم نواز لندن میں زیر علاج ہیں ۔ وہ عدالتوں کا سامنا کررہے ہیں جبکہ لوگ اپنی زبان خود اپنے دانتوں سے کاٹ کر ہیرو بننے میں لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے موجودہ لیڈرز اور ٹولہ ملک لوٹو اور نیک نامی کا ڈھول پیٹوکے اصول پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ PPP کے ان جیسے بونے اور ناکام سیاستدانوں نے بھٹو اور بے نظیر شہید کی باوقار سیاسی جدوجہد اور قربانی کو زوال پذیر کردیا ہے اور پیپلز پارٹی آج اس دو کے ٹولے کے کمزور کردار اور منفی عمل کی بدولت سیاسی پستی میں گھرچکی ہے اور سکٹر کر سندھ کے 40فیصد حصہ تک محد ور ہوچکی ہے ۔ اس موقع پر خواجہ غلام شعیب، محمد جاوید میاں، محمد عمر بٹ، شفیق صدیقی، فہد شفیق، اور عنیب شاہ ودیگر بھی موجود تھے ۔