کنٹرول لائن : پاک فوج نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا

Oct 28, 2017

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کا جاسوس ڈرون مار گرایا۔ بھارتی ڈرون رکھ چکری سیکٹر میں جاسوسی کے دوران مار گرایا گیا۔ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاک فوج نے بھارتی ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے لیا ہے۔

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے امریکہ کا نام لئے بغیر اسے خبردار کیا ہے کہ اس کی طرف سے بھارت کو مسلح ڈرون کی فراہمی سے خطہ میں طاقت کا توازن درہم برہم ہوجائیگا۔ مسلح ڈرونز حاصل کرنے کے بعد بھارت کے جنگجویانہ رویہ میں مزید شدت آئے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کے روز ہفتہ وار پریس بریفنگ میںیہ بات کہی۔ نفیس ذکریا کی بطور ترجمان یہ الوداعی بریفنگ تھی کیونکہ انہیں ملائشیا میں پاکستان کا ہائی کمشنر مقرر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ڈاکٹر فیصل اب دفتر خارجہ کے نئے ترجمان ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو مذکورہ بالا معاہدے کرتے ہوئے احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ ترجمان نے امریکی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان، وزیراعظم کی ڈی ایٹ سربراہ کلانفرنس میں شرکت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تفصیلات بیان کیں۔ ریکس ٹیلرسن کے دورہ پاکستان کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ دہشت گردی میں بھارت کی سرپرستی اور کنٹرول لائن و ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزیوں کے معاملات اٹھائے گئے۔ امریکی وزیرخارجہ کو انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا جب کہ دورے میں پاکستان امریکہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھرمیں کشمیری یوم سیاہ منارہے ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں پر تشدد کررہا ہے۔ بھارتی نائب صدر کی طرف سے دہشت گردی کے معاون ممالک کواقوام متحدہ سے نکالنے کے بیان پر ترجمان نے کہا کہ اگرچہ اس بیان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، تاہم بھارت تو خود دہشت گردوں کا معاون ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک مقبوضہ کشمیر میں پانچ لاکھ کشمیری شہید کئے جا چکے ہیں‘ سینکڑوںلاپتہ اور ہزاروں زخمی ہیں۔ ان مظالم کے باوجود کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لئے جدوجہد جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پُرامن مقاصد کے لئے ایٹمی ٹیکنالوجی تک رسائی ہر ملک کا حق ہے۔بھارت کے حوالے سے یورپی یونین کو تمام بنیادی سیف گارڈز کا جایزہ لینا ہو گا۔ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے تحفظات کے برعکس بھارت کی ایٹمی تنصیبات غیر محفوظ ہیں۔ مسلح ڈرون کی فراہمی سے قبل میزائل ٹیکنالوجی کی فراہمی میں عالمی تحفظات اور دیگر بین الاقوامی معاہدوں کا جائزہ لیا جانا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے بھارت کو دئیے گئے کردار سے خطے کے امن کو نقصان پہنچے گا۔ بھارتی عمل اور پالیسیوں پر اس کے اکثر ہمسائیوں کو شدید تحفظات ہیں۔ پاکستان نے افغانستان میں حکومتی عمل دخل سے باہر وسیع علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ افغانستان کا ایک وسیع علاقہ افغان حکومت کے عمل دخل سے باہر دہشت گردوں کے کنٹرول میں ہے۔ ایران کی نیوکلیئر ڈیل تنازعات کو بات چیت سے حل کرنے کی اچھی مثال ہے۔ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ وسطی ایشائی ریاستوں نے بھی افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ یونیسکو کو بھارت کی جانب سے تاریخی ورثوں اور شخصیات کو نشانہ بنانے کی تیاریوں کا نوٹس لینا چاہئے۔ این این آئی کے مطابق ترجمان نے کہاکہ بھارتی نائب صدرکے دہشت گردی کے معاون ممالک کواقوام متحدہ سے نکالنے کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی نائب صدر کے بیان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ بھارت دہشت گردوں کا معاون ملک ہے۔ امریکی وزیرخارجہ سے ملک میں دہشت گردی میں بھارتی معاونت کا معاملہ اٹھایا ہے۔
پاکستان/ ڈرون

مزیدخبریں