دوہری شہریت : آسٹریلوی عدالت نے نائب وزیراعظم کونااہل قراردیدیا

Oct 28, 2017

سڈ نی(آن لائن+اے ایف پی+اے پی پی)آسٹریلوی عدالت نے نائب وزیراعظم بارنبی جوئس کو دہری شہریت رکھنے پر نااہل قرار دے دیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کی ہائی کورٹ نے نائب وزیراعظم بارنبی جوئس کے انتخاب کو غلط قرار دیتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا جب کہ عدالت نے دیگر 4 ارکان کے چناؤ کو بھی غلط قرار دیا۔ نااہل نائب وزیراعظم بارنبی جوئس کے پا س نیوزی لینڈ کی شہریت بھی تھی اور رواں سال جولائی میں ہونے والے انتخابات سے قبل انہوں نے اس کا ذکر نہیں کیا تھا۔آسٹریلیا کے آئین کے مطابق دہری شہریت کے حامل افراد انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔نااہلی کے بعد بارنبی جوئس کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔ہم ایک شاندار جمہوریت میں رہتے ہیں جہاں ہمیں آزادیوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے بعض قدغنوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میں عدالت کا ان کے غور و فکر پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔آسٹریلیا میں جولائی کے بعد سے دہری شہریت کا معاملہ خاصا گرم ہے، اور اس کے بعد سے درجنوں ارکانِ اسمبلی اپنی پوزیشن واضح کر چکے ہیں۔ بارنبی جوئس کی نااہلی کے بعد حکومت کو حاصل ایک نشست کی برتری ختم ہو گئی۔وزیراعظم میلکولم ٹرن بل کی حکومت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔نااہل بارنبی جوئس دہری شہریت کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرنے کے بعد ضمنی انتخاب لڑ کر دوبارہ حکومت کا حصہ بن سکتے ہیں۔
آسٹریلوی نائب وزیراعظم

مزیدخبریں