دھرنا دینے والوں نے ملک و قوم سے کھلی دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے اورملک کو دھرنوں سے آگے نہیں لے جایا جا سکتا۔ عوام کی خدمت کیلئے دن رات ایک کرنا پڑتا ہے شہبازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف سے چیئرمین صوبائی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایکسائز و ٹیکسیشن سردار خالد محمود وارن نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھرنا دینے والوں نے ملک و قوم سے کھلی دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے اورملک کو دھرنوں سے آگے نہیں لے جایا جا سکتا۔ عوام کی خدمت کیلئے دن رات ایک کرنا پڑتا ہے۔ دھرنا پارٹی نے عوام کی خوشحالی کے منصوبوں میں رخنہ ڈالا۔ رکاوٹوں کے باوجود مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی وخوشحالی کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔ شہبازشریف اورگورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کی ملاقات میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ سوا چار برس کے دوران امانت، دیانت، شفافیت اور محنت سے خدمت خلق کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ جنوبی پنجاب کی خوشحالی مجھے بے حد عزیز ہے۔ مفاد عامہ کے منصوبوں کی مخالفت دراصل عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی کی مخالفت ہے۔ مسلم لیگ (ن) حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے۔ لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ وزیراعلیٰ سے کسان اتحادکے خالد کھوکھر گروپ اور چوہدری انور گروپ کے وفود نے الگ الگ ملاقات کی، جن میں کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ شہباز شریف نے کسان اتحاد کے وفود سے گفتگو میں کہا کہ کاشتکار میرے بھائی ہیں اور ان کے مفادات بے مقدم ہے۔ کاشتکار خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہو گا اور مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کاشتکاروں کی فلاح اورزرعی شعبے کی ترقی کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں۔ کھادوں پر اربوں روپے کی سبسڈی دے کر کسان کو اس کا حق دیاگیا ہے۔ ہم نے وسائل کاشتکاروں کو دے کر ان کی حقیر خدمت کی ہے۔ کسانوں کے مسائل ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں اور آئندہ بھی ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔ دھرنوں سے فائدہ نہیں بلکہ ملک و قوم کا ہمیشہ نقصان ہوا ہے۔ دھرنوں نے ملک کا بیڑہ غرق کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ جنہوں نے دھرنے دیئے، اس کا خمیازہ انہیں بھگتنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نے ماضی میں گنے کی قیمت کم کی لیکن میں نے کاشتکاروں کے مفاد میں ایک پیسہ بھی گنے کی قیمت کم نہیں کی۔ کسی کو کسان کا خون نہیں چوسنے دوں گا۔ وزیراعلیٰ نے کسانوں کے مسائل حل کرنے کیلئے aکمیٹی بنا دی۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف یوم سیاہ پر پیغام میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا اور مجھے یقین ہے کہ کشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ کے نواحی علاقے میں زہریلی لسی پینے سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ہے۔ شہبازشریف نے سری لنکا کے خلاف پہلا ٹی ٹونٹی میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور فیڈرل پبلک سروس کمشن کے ممبر اخلاق احمد تارڑ اور سیکرٹری خزانہ آزاد جموں و کشمیر فرید احمد تارڑ کے والد حمید احمد تارڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن