جس کا بلاواآتا ہے وہی درگاہ لال شہباز قلندرؒ میں جاتا ہے، عمران کا نہ پہنچنا بد قسمتی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

Oct 28, 2017

کراچی (وقائع نگا ر) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی بدقسمتی ہے کے مزارلال شہباز قلندر میں نہیں پہنچ پائے ، جس کا درگاہ کے اندر جانے کا بلاوا ہوتا ہے وہی اندر جاتا ہے۔گزشتہ روز کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بلیک ڈے واک کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلی سندھ، ڈپٹی سپیکرشہلا رضا سمیت ارکان سندھ اسمبلی نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ لعل شہباز قلندر کی درگاہ کے دروازے بند کرنے کا ڈراما کیا گیا، تحریک انصاف کا سیہون کا پروگرام طے شدہ نہیں تھا، عمران خان کی بدقسمتی ہے کے مزار میں نہیں پہنچ پائے، جو شخص ایسے ہی لوٹ گیا اسے بلاوہ نہیں تھا، جس کا درگاہ کے اندر جانے کا بلاوا ہوتا ہے وہی اندر جاتا ہے جب کہ دروازے بند تھے تو شاہ محمود قریشی اندر کیسے گئے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی پہلے عزت کرتا تھا لیکن اب نہیں، شاہ محمود قریشی کے بھائی نے بتا دیا کہ وہ خود مزار کو بیچتے ہیں جب کہ دروازے اگر بند کیے گئے تھے تو شاہ محمود قریشی چھلانگ لگا کر گئے تھے کیا جب کہ مزار میں اسلحہ بردار لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ 2018 کے الیکشن میں سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے ، اب کوئی اتحاد نہیں چلے گا 11 جماعتی ہو یا 12 کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ سندھ کے عوام صرف پیپلزپارٹی کو چاہتے ہیں ۔
مراد علی شاہ

مزیدخبریں