ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی پاکستان ملائیشیا کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پانچویںایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو پنلٹی شوٹ آوٹ پر تین ایک سے شکست دیکر فائنل کے لیئے کوالیفائی کر لیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ چار چار گول سے برابر رہا تھا۔ اومان مسقط میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میچ ہی سنسنی خیز انداز میں شروع ہوا جس میں ملائیشیا ٹیم نے کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ چار منٹ بعد پاکستان کے عرفان جونیئر نے گول کر کے مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا۔ کھیل کے 12 ویں منٹ میں پاکستان کے علیم بلال نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے قومی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی۔ پہلے کوارٹر کے آخری اور میچ کے 15ویں منٹ میں ابوبکر محمود نے شاندار گول کے پاکستان کی برتری کو تین ایک کر دیا۔ میچ کے دوسرے کوارٹر میں بھی پاکستان کی کھیل پر گرفت مضبوط رہی۔ 20 ویں منٹ میں علیم بلال نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ چار ایک کر دیا۔ ہاف ٹائم تک پاکستان کو ملائیشیا پر چار ایک سے برتری قائم رہی۔ تاہم میچ کے تیسرے کوارٹر میں ملائیشیا ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے میچ کے 42 ویں اور 44 ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ چار تین کر دیا۔ میچ ختم ہونے سے چار منٹ قبل ملائیشیا نے چوتھا گول کر کے مقابلہ چار چار گول سے برابر کر دیا۔ میچ کا اختتام اسی گول سکور پر ہوا۔ پاکستان کی جانب سے علیم بلال نے دو جبکہ عرفان جونیئر اور ابوبکر محمود نے ایک ایک گول کیا۔ بعد میں میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آوٹ پر ہوا جس میں پاکستان نے تین جبکہ ملائیشیا ٹیم صرف ایک گول کر سکی۔دوسرے سیمی فائنل میںبھارت نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا ۔ فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کھیلا جائے گا۔ ملائیشیا اور جاپان کی ٹیمیں تیسری پوزیشن کیلئے کھیلیں گی ۔

ای پیپر دی نیشن