لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت ایل ڈی اے کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا جس میں شہر میں رہائشی اور دیگر سہولتوں کی بہتری کیلئے ایل ڈی اے کو بہترین سروس ڈلیوری مہیا کرنے کا ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایل ڈی اے کو بااعتماد اور باوقار ادارہبنانے کیلئے آپ سب کو سخت محنت کرنا ہوگی اور ایل ڈی اے کو نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہے۔ شہریوں کو سہولتیں دیکر ریلیف فراہم کرنا اس ادارے کی ذمہ داری ہے۔ مختلف شہروں سے آئے لوگوں نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے تقریباً 300 سے زائد لوگوں کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے احکامات دیئے۔ وزیراعلیٰ فرداً فرداً ہر شخص کی نشست پر گئے، ہاتھ ملایا اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر لوگوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپکی ذاتی دلچسپی پر شکرگزار ہیں۔ ہم نے عثمان بزدار جیسا وزیراعلیٰ نہیں دیکھ جو دن رات عوام کے مسائل حل کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج صوبے کا عام آدمی وزیراعلی ہے۔ میرا رشتہ عوام سے پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ آپ کے مسائل حل کرکے مجھے دلی سکو ن ملتا ہے، یہ میری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔ عوام سے رابطہ ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگااور میں روایتی انداز سے حکومت نہیں چلاﺅں گا۔ سب کچھ نئے پاکستان کی سوچ کے مطابق ہوگا۔ تبدیلی کے سفر میں آپ کا ساتھ بہت ضروری ہے۔ صوبے کے عوام میرا قیمتی اثاثہ ہیں اور آپ کے جائزکام میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے نہیں دوں گا۔ عثمان بزدار نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اور سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
عثمان بزدار