لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس محمد انوارالحق نے صوبہ بھر کی عدالتوں میں زیر التواءفیملی اور کرایہ داری اپیلوں کے دو ماہ میں فیصلے کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری ہائیکورٹ بشریٰ زمان نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق سول اور سیشن عدالتوں میں زیر التواء فیملی اور کرایہ داری اپیلوں کو مقررہ مدت میں نمٹایا جائے۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس نے صوبے بھر کی ماتحت عدالتوں کے فیصلے اور احکامات آن لائن اپ ڈیٹ کرنے کا حکم دے دیا۔ سیشن ججز کو مراسلہ میں تمام ریکارڈ آن لائن اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام جوڈیشل آفیسرز عدالتی فیصلے آن لائن اپ لوڈ بھی کریں۔ متعلقہ سیشن جج اپنے جوڈیشل افسروں کے اہم فیصلے آفیشل ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرانے کے حکم پر عملدرآمد کرائیں جبکہ پنجاب کے تمام اضلاع کے سینئر سول ججز فیصلوں کے ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرنے کی ہفتہ وار رپورٹ ہائیکورٹ کو بھجوائیں۔ پہلے ماتحت عدلیہ کے فیصلوں کوویب سائٹس پر اپ لوڈ کرنے کا حکم اس وقت کے چیف جسٹس منصور علی شاہ نے بھی دیا تھا۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ
صوبہ بھر کی عدالتوں میں زیر التواءفیملی اور کرایہ داری اپیلوں کے دو ماہ میں فیصلے کرنے کی ہدایات جاری
Oct 28, 2018