لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کل منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونگے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت پر حکومت پنجاب کا مؤقف پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ معزز عدالت میں پیش ہونگے اور حکومت کا مؤقف سامنے رکھیں گے۔ اس حوالے سے انہوں نے اپنے وکلاء سے مشاورت شروع کر دی ہے اور باقاعدہ مشاورت کے بعد ہی اپنا بیان معزز عدالت میں ریکارڈ کرائیں گے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سروسز ہسپتال میں زیرعلاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے متعلق حکومت پنجاب کا مؤقف جاننے کیلئے انہیں اسلام آباد ہائیکورٹ 29 اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے۔