لاہور(سپورٹس ڈیسک) فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ کے افتتاحی روز ایکواڈور، انگولا، برازیل اور نائیجیریا نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ برازیل میں شروع ہوگیا، پہلے روز کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں ایکواڈور نے آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا، فاتح ٹیم کی طرف سے پلوسا اور ملنیرک نے گول سکور کئے۔ گروپ اے کے میچ میں انگولا نے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دی، زنی اور برک نے انگولا کی جانب سے گول کئے۔ گروپ اے کے دوسرے میچ میں میزبان برازیل نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی، پیگلو نے برازیل کی جانب سے دو جبکہ فرینکلن اور ورن نے ایک ایک گول کیا۔ ایک اور میچ میں نائیجیریا نے ہنگری کو 4-2 سے زیر کیا، نائیجیریا کے کپتان سیمسن تجانی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور دو گول سکور کئے۔آج مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ گروپ ای کے پہلے میچ میں سپین اور ارجنٹائن کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، اسی گروپ کا دوسرا میچ کیمرون اور تاجکستان کے مابین کھیلا جائے گا، گروپ ایف میں اٹلی اور سولومون جزائر کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ گروپ ایف کا دوسرا میچ میکسیکو اور پیراگوئے کے درمیان کھیلا جائے گا۔
فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ : ایکواڈور، انگولا، برازیل‘ نائیجیریا کی ٹیمیں کامیاب
Oct 28, 2019