لاہور:سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت بدستور تشویشناک ہے اور ان کے پلیٹ لیٹس میں دوبارہ کمی آگئی ہے، ان کے پلیٹ لیٹس 45 ہزار سے کم ہوکر 25 ہزار رہ گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم نوازشریف سروسز ہسپتال میں سات روز سے زیرعلاج ہیں اوران کی طبیعت بدستور تشویشناک ہے۔میڈیکل بورڈ کے مطابق گزشتہ روز میاں نوازشریف کے پلیٹ لیٹس میں دوبارہ کمی ہوگئی تھی اوران کے پلیٹ لیٹس 45 ہزار سے کم ہوکر 25 ہزار رہ گئےہیں،دل کےعارضے کی ادویات کی وجہ سے پلیٹ لیٹس میں کمی ہوئی ہے،نوازشریف کوہارٹ اٹیک کے بعد دی جانیوالی دوائی ہیپارین بند کردی گئی تھی اوردوائی بند ہونے سے پلیٹ لیٹس کی تعداد بڑھ جائے گی۔میڈیکل بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو دونوں کیسز میں ضمانت مل گئی لیکن ان کی طبیعت ناساز ہونے پر کسی دوسرے ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا جبکہ مریم نواز اپنے والد کی تیمارداری کےلیےسروسز ہسپتال موجود ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف گزشتہ 7روز سے سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کے پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ ہے۔ تاہم لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے نواز شریف کو چودھری شوگر ملز کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت دے دی گئی ہے جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو 29اکتوبر تک ضمانت دے رکھی ہے۔