مظفر آباد (این این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت نے 27اکتوبر1947کو اپنی افواج سری نگرمیں اتار کر فوجی جارحیت کا مظاہر ہ کیا او رابھی تک کشمیریوں کے بنیادی حقوق غصب کرکے انتہا پسندی اور دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کر رہاہے۔27اکتوبر1947 کا دن ہماری تاریخ میں ایک سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور کشمیری عوام کی آواز کو دباتے ہوئے اپنی ناپاک فوجیں کشمیر میں اتاریں اور ریاست کے نصف سے زائد حصے پر غاصبانہ قبضہ جمادیااور کشمیریوں کو ان کے آزادانہ حق رائے دہی سے محروم کردیا اور اب تک کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے ان پر اندوہناک مظالم ڈھا رہا ہے ، حریت قیادت کو نظر بندکر دیا جاتا ہے، پیلٹ گن کے ذریعے نوجوانوں کو اندھا کیا جارہاہے اور پڑھے لکھے لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے مگر اس کے باوجود کشمیریوں کے عزم میں ایک تنکے برابر بھی کمی نہیں لاسکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قبضے کے(27اکتوبریوم سیاہ( 72ویں یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ صدرسردار محمد مسعودخان نے کہا کہ آزاد خطہ کے غیور عوام نے 1947میں اپنا علاقہ مہاراجہ کے جبرواستداد سے اپنی قوت بازوئوں سے آزاد کرایا اور بھارت پر واضح کیا کہ ریاست کا بقیہ حصہ جب تک آزاد نہیں ہو جاتا وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہے گااور آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔