اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک میں معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے کوشاں ہیں اور تاجرطبقہ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کیس جا رہی ہیں تاکہ وہ صنعت تجارت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرسکیں۔یہ بات انہوںنے ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان میں غیر ملکی سفارت کاروں، تاجررہنماوں اور ایسوسی ایشن ممبران کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جہاں و ہ مہمان خصوصی تھے۔ اعظم خان سواتی نے فہد برلاس کو ایسوسی ایشن کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں ہینڈی کرافٹ کے شعبے میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ملک میں ہیومن ریسورس کی شکل میں نوجوان نسل کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔ عشائیے میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاو جنگ،نائجیریا کے ہائی کمشنر،سری لنکا ، آزربائیجان کے سفیر ،سابق سفیر شوکت ،پرتگال کے سفیر، فلسطین کے سفیر اور متعدد ملکوںکے سفارت کاروں، ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے گروپ لیڈرسہیل الطاف ، صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس صبور ملک، صدر اسلام آباد چیمبر آف کارمرس احمد وحید، سینئر نائب صدر فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اعجاز عباسی، سابق صدر ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایش آف پاکستان، وائس چیئرمین کاشف ظہیر، عثمان ارشد خان، پاک ورلڈ اینڈ ٹریڈ سینٹر کے سی ای او خورشید برلاس ،ڈاکٹر حسن سروش ، ڈاکٹر شمائیل دائود، سید اسد مشہدی، کاشف شبیر، ڈاکٹر جمال ناصر، زبیر احمد ملک، خالد جاوید، شوکت مسعود ، راجہ عامر اور کثیر تعداد میںتاجرنمائندوںنے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان فہد برلاس نے کہاکہ پاکستان کے ہینڈی کرافٹ کو ملک بھر اور بیرون ممالک میںمتعارف کرنے سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے ساتھ ساتھ ملک کے ہر گوشے کی نمائندہ تہذیب و ثقافت کے آئینہ دار دستکاریوں کے نمونوںاور اس نوعیت کی دیگر ہینڈی کرافٹ کے ہنرمندوں کی مالی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس مقصد کیلئے ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے جامع منصوبہ بندی کی ہے اور پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے پاکستان اور بیرونی ممالک میں ہینڈ ی کرافٹ نمائشیں منعقد کی جائیں گی اور تربیتی پروگرام بھی مکمل کئے جائیں گے۔
پاکستان میں ہینڈی کرافٹ کے شعبے میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں: اعظم خان سواتی
Oct 28, 2019