میکسیکو میں منشیات کے ایک اڈہ سے 40 سے زائد انسانی کھوپڑیاں اور درجنوں ہڈیاں برآمد ہوئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ پولیس نے منشیات کا کاروبارکرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کے دوران ایک ذبح خانہ کے قریب شیشہ کے ایک باکس میں ہڈیاں، کھوپڑیاں اور چاقو برآمد کیں۔ گزشتہ ہفتہ پولیس نے31 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا جنہیں بعد ازاں مقامی جج نے بے قصور قرار دیتے ہوئے رہا کردیا تھا۔ میکسیکو سٹی کے اٹارنی جنرل نے ذبح خانہ کے قریب درجنوں کھوپڑیوں ،کی تصویر جاری کی ہے، جن کے پیچھے ایک سینگ کی سجاوٹ کے ساتھ لکڑی سے بنے چہرہ کا ماسک ہے۔ ایک خاتون ترجمان نے بتایا کہ تفتیش کاروں نے اس جگہ سے40 کھوپڑیاں، 30ٹانگیں، بازو اور دیگر اعضاءبرآمد کئے ہیں۔ دارالحکومت کے شمال میں تاریخی قصبہ ٹیپیٹو غیر قانونی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹیپیٹو میں خفیہ سرنگوں اور منشیات تیار کرنے والی لیبارٹریوں پر چھاپوں میں گرفتارشدہ ملزمان کی رہائی حکومت کے لئے ایک دھچکہ ہے جو پر تشدد گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری کررہی ہے ۔