پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش ویمن کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ہراکر سیریز اپنے نام کرلی۔

Oct 28, 2019 | 17:26

ویب ڈیسک

قومی ویمن کرکٹ ٹیم نے مہمان ٹیم بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم  کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 15 رنز سے شکست دے دی۔ قدافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے جویریہ خان اور سدرہ آمین نے اننگز کا آغاز کیا، گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 35 رنز پر گری جب سدرہ آمین 19 رنز بنا کر لتا موندل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئیں۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد کپتان بسمہ معروف نے اننگز کو سنبھالا اور میدان کے چاروں اطراف عمدہ شارٹس کھیل کر 50 گیندوں پر ناقابل شکست 70 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جب کہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 140 رہا۔  بسمہ معروف کے علاوہ جویریہ خان نے بھی نصف سینچری اسکور کی، انہوں نے 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم زیادہ اچھا ثابت نہ ہو سکا، ٹائگرز کی پہلی وکٹ محض سات رنز پر گر گئی۔ اس دوران سنجیدہ اسلام اور فرغانہ حق نے عمدہ بلے بازی کی تاہم وہ اپنی ٹیم جیت نہ دلا سکیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر محض 152 رنز ہی بنا سکی۔ قومی ٹیم کی جانب سے  سعدیہ اقبال نے 3 جبکہ ثناء میر، ڈیانہ بیگ اور انعم امین نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 30 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں