لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے متعصب اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کا مثبت انداز میں جواب دینے کے لئے ایک منفرد اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات الحمرا آرٹ گیلری میں اسم محمد کو خوبصورت، خوشنما اور منفرد انداز میں لکھنے کے مقابلے اور نمائش کا انعقاد کرے گا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 30 اکتوبر کو بارہ ربیع الاول کے موقع پر شروع ہونے والے اس تین روزہ خطاطی کے مقابلے اور نمائش کا افتتاح وزیر اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے اور یہ مقابلہ یکم نومبر کو اختتام پذیر ہو گا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والے شرکاء کو انعامات اور تعریفی اسناد دی جائیں گی۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مغرب کے شر پسند اور غلیظ گروہوں کی ہرزہ سرائی کا جواب دینے کا یہ منفرد اور مثبت طریقہ ہو گا۔ جس سے پاکستانی عوام دنیا کو تاثر دے گی کہ ہم اسم محمد خوبصورتی سے لکھنے والوں کو سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں۔