کوئٹہ(نیٹ نیوز)بلوچستان کے ضلع قلات سے 8 سالہ بچے کی نعش برآمد کی گئی جسے زیادتی اور شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا۔بچے کے رشتہ دارکے مطابق بچہ پیر کے روز گھر کے قریب مدرسے گیا لیکن سہ پہر کو تقریباً ساڑھے 4 بجے لاپتہ ہوگیا۔منگل کی صبح 9 بجے پولیس نے خاندان کو بتایا کہ بچے کی نعش قلات کے قریب ایک پہاڑی سے ملی ہے، بچے کی نعش کو بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے لیے کوئٹہ لایا گیا۔پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ نے تصدیق کی کہ بچے کے ساتھ ایک سے زائد افراد نے بدفعلی کی، پتھر سے مارنے کی وجہ سے بچے کی کھوپڑی ٹوٹ گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران جمع کیے گئے نمونے لاہور بھیجے جائیں گے جن کا نتیجہ آنے میں ایک ہفتہ لگے گا۔حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنسی درندگی کے واقعات میں اضافے پر تشویش ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ تھانے میں دلخراش واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔