رسول پاکؐ صادق اور امین ہیں،آپؐ  عفو درگزر کا رویہ رکھتے تھے، حاجی اشرف قادری 

کراچی (نیوز رپورٹر)قادری اینڈ قریشی فائونڈیشن کے چیئر مین حاجی محمد اشرف قادری نے پرچم کشائی کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیارے رسولؐ  صادق اور امین ہیں امتیوں کو بھی امانتدار اور دیانتدار بننا ہوگا۔آپؐ عفو در گزر اور سخاوت کا رویہ رکھتے تھے۔امتیوں کو چاہیے کہ آپ کی بے مثل تعلیمات کو اپنائے جب معاشرے میں زندگی کا کوئی بھی شعبہ ہو دیانتداری اور امانتداری پر صدق دل سے عمل کیا جائے تو دنیا اور آخرت میں سرخرو ہونگے اور اگر اس کے برعکس ہم تعلیمات مصطفویؐ سے دور ہوئے اور آپؐ  کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں کو بھولے تو تباہی اور بربادی ہمارا مقدر بن جائیگی اور اہل دنیا ہم پر اعتبار اور اعتماد کرنے سے گریز کرے گی ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم جشن عید میلاد النبیؐ  کے موقع سنت نبویؐ  پر دل و جان سے عمل کرنے کا عہد کریں ۔ حاجی محمد اشرف قادری نے تقریب پرچم کشائی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ خالق کائنات کا ہمیشہ سے یہ اصول رہا ہے کہ جب کبھی انسانوں کی حالت زار آخری حدو ںتک پہنچ جاتی ہے تو وہ کسی مسیحا کو بھیج دیتا ہے اور پھر کرہ ارض کی سب سے قیمتی ساعت طلوع ہوئی رب کعبہ نے ایک ایسا مسیحا اعظم بھیجا جس کی ایک جنبش چشم سے صدیوں کی بیمار اور پیاسی روحوں کو سیرابی ملنے والی تھی وہ مسیحا کہ روز اول سے قیامت تک پیدا ہونے والے انسانوں میں ایک بھی ایسا نہیں جو اس مسیحا کے پیروں سے اٹھنے والی خاک کو چھو سکے۔جذبوں کا حکمران،جسموں اور روحوں پر حکومت کرنے والا،قیامت تک آنے والی اندھی اور کثیف روحوں کو روشن کرنے والا،مردہ دلوں کو اپنے سوز دل سے زندگی کی حرارت بخشنے والا،سنگلاخ زمینوں کی طرح بنجروروحوں کو روشن کرنے والا ایک ایسا مسیحا جس کے قدموں سے اٹھنے والے غبار کا ایک زرہ جس پر بھی پڑا وہ سونے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔حاجی اشرف قادری نے مزید کہا کہ عاشقان مصطفیؐ  جشن عید میلاد النبیؐ  بڑے تزک و احتشام عقیدت و احترام اور اپنے آقا سے محبت کے اظہار کیلئے مناتے ہیں اور جشن عید میلاد النبیؐ  کا منانا باعث رحمت اور بڑے اجرو ثواب حاصل کرنے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سنت نبویؐ  پر دل و جان سے عمل پیرا ہوں اور پاکستان میں نظام مصطفی کی نفاذ کی عملی جدو جہد تیز کرے تاکہ یہ ملک جو اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا وہاں پر صحیح معنوں میں تعلیمات مصطفیؐ  کے تحت زندگی گزارنے کے مواقع حاصل ہوں ۔اس موقع پر فیض داتا گنج بخش ویلفیئر کے چیئر مین زبیر عالم صدیقی ،محمد کلیم، محمد  حنیف قریشی، اصغر قریشی، افضل، مبارک، کامران، محمد سلمان، فیض قادری، محمد سلیم، سیف  اللہ، ارمان، امین، اظہر، کاشف اور عاشقان مصطفیؐ کی بڑی تعداد موجو د تھی ۔

ای پیپر دی نیشن