کراچی (نیوز رپورٹر) مہران ٹائون میں سربراہ مساجد ومدارس کمیٹی جماعت اہلسنّت پاکستان مفتی محمدبلال قادری ودیگر علماء مشائخ کی قیادت میںمرکزی جامع مسجد مریم ودارالعلوم انوارمصطفی سے عظیم الشان مرکزی جلوس جشن عید میلادالنبی ﷺ برآمد ہواجومہران ٹائون کے مختلف علاقوں سے ہوتاہواواپس دارالعلوم پہنچاجہاں پر قائدین نے پرچم کشائی کی۔جلوس میں ایم پی اے راجہ اظہر نے خصوصی شرکت کی جبکہ مفتی محمد یامین نقشبندی، علامہ معراج الدین اخترالقادری، علامہ غلام محی الدین اخترالقادری، علامہ ریاض احمدنقشبندی،مولانامحمدحفیظ قادری، مولانافیضان رضا،قاری الطاف قادری، مولانا سلیم نقشبندی ودیگربھی شریک تھے۔ مفتی محمدبلال قادری نے جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت پر جان بھی قربان ہے، کوئی آنچ نہیں آنے دیںگے، حکومت پاکستان عالمی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرائے۔انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں جشن عید میلادالنبی ﷺ روایتی مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منانے کے لئے میلاد ریلیاں اور جلوس نکالے جارہے ہیں ،محافل میلاد کاانعقاد جاری ہے لیکن حکومتی سطح پر میلاد منانے والوں کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیاجارہا جوحکمرانوں کی عدم دل چسپی کاثبوت ہے ،شہربھرکی متعدد سڑکیں عرصہ دراز سے سیوریج کے گندے پانی کاجوہڑ بنی ہوئی ہیں جن کی صفائی کے لئے علاقہ مکینوں نے کئی مرتبہ درخواستیں دی ہیں مگرکوئی اس طرف توجہ دینے کے لئے تیارنہیں،جوانتہائی افسوس ناک اور ملک کے سواداعظم اہلسنّت کے ساتھ ناانصافی پر مبنی رویہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام اہلسنّت امن پسند شہری ہیں جوکسی قسم کی ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہوتے لیکن اگر عوام اہلسنّت کے ساتھ یہی سلوک روارکھاگیاتو احتجاج پر حق بجانب ہونگے۔
ناموس رسالتﷺ پر جان بھی قربان ہے ،مفتی محمدبلال قادری
Oct 28, 2020